ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پولیس کی بھرتیوں میں شفافیت لانے کیلئے پہل،دھاندلیاں کرنے والوں کو مستقل نااہل قرار دینے کی تنبیہہ 

پولیس کی بھرتیوں میں شفافیت لانے کیلئے پہل،دھاندلیاں کرنے والوں کو مستقل نااہل قرار دینے کی تنبیہہ 

Sat, 01 Oct 2016 11:21:50    S.O. News Service

بنگلورو30؍ستمبر(ایس او نیوز)محکمۂ پولیس میں بھرتیوں کے عمل میں مبینہ بے قاعدگیوں کو روکنے اور شفافیت سے بھرتیوں کے عمل کو انجام دینے کیلئے محکمۂ داخلہ نے دھاندلیوں میں ملوث پائے جانے والے تمام امیدواروں کو مستقل نااہل قرار دینے کی تنبیہہ کی ہے۔محکمۂ پولیس میں بھرتیوں کے دوران مبینہ بے قاعدگیوں کی شکایات کافی عرصہ سے رہی ہیں۔ نہ صرف سیاست دانوں بلکہ اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے بھی ان دھاندلیوں میں ملوث ہونے کی شکایات رہی ہیں۔اسی لئے ریاستی حکومت نے طے کیا ہے کہ آئندہ پولیس کانسٹبلوں اور سب انسپکٹروں کی بھرتی کے مرحلے میں اگر کسی کو دھاندلیاں کرتے ہوئے پایا گیا تو انہیں مستقل طور پر نااہل قرار دیا جائے گا۔ بھرتیوں کے عمل میں بارسوخ افراد کی طرف سے دباؤ ڈالا گیا تو متعلقہ امیدواروں کی بھرتی نہیں ہوگی۔ ان سفارشی سرگرمیوں کی وجہ سے محکمہ کی کارگزاری متاثر ہورہی ہے۔آئندہ اس طرح کی حرکتوں کو رکاوٹ سے تعبیر کرتے ہوئے کسی بھی حال میں انہیں منظور نہیں کیا جائے گا۔ساتھ ہی جو امیدوار دھاندلیوں اور سفارشات کے ذریعہ منتخب ہونے کی کوشش کریں گے انہیں نااہل قرار دیاجائے گا۔ ہر بار پولیس کی بھرتیوں کے مرحلے میں رقم کی بھاری لین دین کی شکایات عام رہتی ہیں۔ مستقل سب انسپکٹر مستقل ملازمت کے عوض 25تا30لاکھ روپے وصول کئے جانے کی شکایات رہی ہیں۔ محکمۂ داخلہ نے ان شکایات کو دیکھتے ہوئے تقررات کے عمل میں مزید شفافیت لانے اور کسی بھی حال میں اعلیٰ ترین سفارش کو بھی نظر انداز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ تنبیہہ کی ہے کہ جو بھی اعلیٰ افسر پولیس کی بھرتیوں کے عمل میں مداخلت کرتے ہوئے پائے جائیں گے ان پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔


Share: